فیصل آباد: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنانے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں نئے اضلاع اور تحصیلیں بنائیں گے۔
گورنر پنجاب چودھری محمد سرور اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس میں فیصل آباد ڈویژن سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ 4 گھنٹے طویل ملاقات میں انہوں نے فرداً فرداً اپنے حلقوں کے مسائل، ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں سے وزیراعلیٰ اور گورنر کو آگاہ کیا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار اراکین اسمبلی کی تجاویز، سفارشا ت اور مسائل خود نوٹ کرتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کو ان کے مسائل کے جلد حل اور ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وزیراعلیٰ نے مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت کے سفر میں ہم شانہ بشانہ چلیں گے۔ میں نے ڈویژن کی سطح پر اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے اور سب سے پہلے فیصل آباد ڈویژن آیا ہوں، آپ کا ہر مسئلہ میرا اپنا ہے۔ ترقیاتی منصوبوں اور فلاح عامہ کی سکیموں میں آپ کی مشاورت شامل ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ذاتی نمائش کے منصوبوں پر اربوں روپے کے وسائل برباد کئے۔ عوام سابق ادوار کے حکمرانوں کو یکسر فراموش کر چکی ہے۔ نیا پاکستان بن رہا ہے اور بن کر رہے گا۔ میرا ہر رکن اسمبلی اپنے حلقے میں وزیراعلیٰ ہے اورآپ سے مشاورت کا سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔ اکٹھے مل کر چلیں گے تو عوام کی خدمت میں آسانی ہوگی۔