لاہور: (دنیا نیوز) بس اڈوں پر مسافروں کیلئے ضروری سہولتیں ترجیحی بنیادوں پر مہیا کی جائیں، وزیراعلیٰ پنجاب نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو ہدایات جاری کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے بس اڈوں پر مسافروں کیلئے سہولتیں بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بس اڈوں میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مسافروں کیلئے پنکھے، پانی، لائٹس اور واش رومز سمیت تمام سہولیات موجود ہوں جبکہ بسیں اڈوں پر کھڑی ہونی چاہیں۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ پارک ہونے سے ٹریفک نظام میں خلل پڑتا ہے۔ اس ضمن میں کسی کا دباؤ قبول نہ کیا جائے۔ مسافروں کی سہولت کیلئے بس اڈوں کی ضروری تزئین وآرائش کی جائے۔
انہوں نے بغیر فٹنس سرٹیفکیٹ سڑکوں پر آنے والی گاڑیوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا حکم بھی دیا۔