قصور: (دنیا نیوز) قصور شہر میں سیف سٹی پراجیکٹ کے تحت 450 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ پولیس کمانڈ، کنٹرول اینڈ کمیونیکیشن سینٹر کے لئے 160 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی گئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سماج دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر جبکہ قصور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں کی بھی مانیٹرنگ کی جا سکے گی۔
اس کے علاوہ وزیراعلیٰ نے کھڈیاں اور مصطفیٰ آباد کیلئے ریسکیو 1122 سروس کا بھی افتتاح کیا اور تحصیل کمپلیکس کوٹ رادھا کشن کی تعمیر کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس پراجیکٹ کا تخمینہ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر لگایا گیا تھا۔
سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شفافیت کی پالیسی پر عملدرآمد کرتے ہوئے اس منصوبے کو صرف سات ماہ کی قلیل مدت میں پایا تکمیل تک پہنچایا گیا۔