فیصل آباد: (دنیا نیوز) صحت سہولت پروگرام کے تحت فیصل آباد میں پنجاب حکومت نے مستحق افراد میں انصاف صحت کارڈ کی تقسیم کا آغاز کر دیا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے شہریوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا مشن عام عوام کی خدمت ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت پنجاب نے انقلابی اقدام اٹھاتے ہوئے غریب شہریوں کے معیاری ہسپتالوں میں علاج کے لئے فیصل آباد میں صحت انصاف کارڈ فراہمی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزادر نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی میں غریب شہریوں میں ہیلتھ کارڈ تقسیم کئے۔ فیصل آباد اور چنیوٹ میں 4 لاکھ 11 ہزار خاندانوں میں ہیلتھ کارڈز تقسیم کئے جائیں گے جس کے تحت 22 فیصد آبادی کو معیاری ہسپتالوں میں مفت علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پنجاب میں ساڑھے تین کروڑ شہری سہولت سے مستفید ہونگے۔ ہیلتھ کارڈ رکھنے والی فیملی سالانہ 7 لاکھ 20 ہزار روپے کا فری علاج کروا سکے گی۔ ہیلتھ کارڈ وصول کرنے والے شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا۔
تقریب میں وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے بھی شرکت کی، ان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے تحت پنجاب میں 8 ہزار بیڈز کا اضافہ ہوا، عوام کو صحت مند بنانا ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔