لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے تمام اخلاقی، سفارتی، سیاسی اور بین الاقوامی قوانین کو پامال کر دیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مودی سرکار نے یہ متنازع اقدام کر کے علاقائی سلامتی اور امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پار کر چکا ہے۔ پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں اور رہیں گے۔ بھارت نے کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان کی مسلح افواج منہ توڑ جواب دے گی۔ پوری قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اقوام عالم کے ضمیر کو اب جاگنا پڑے گا۔ بین الاقوامی برادری کو بھارت کے غیر قانونی، غیر جمہوری اور غیر آئینی اقدام پر فوری نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ ظلم وستم اور متنازع اقدام کے ذریعے کشمیری عوام کی تحریک آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کرلے وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا۔
سردار عثمان بزدار نے کہا کہ بھارت کی ظلم وتشدد کی پالیسی نے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا بخشی ہے۔ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی صبح شہدائے کشمیر کے خون سے طلوع ہوگی۔