پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار

Last Updated On 08 August,2019 05:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کا چھانگا مانگا میں صحت انصاف کارڈ اور شجرکاری مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، پاکستان کشمیر کے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر پر متنازع اقدام کرکے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی ہیں۔ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی آخری حدیں عبور کر چکی ہے۔

انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جان لے کہ کشمیر کے معاملے پر پوری پاکستانی قوم یکجا ہے۔ ہم آج بھی کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کل بھی کھڑے رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انصاف کارڈ سے ساڑھے تین کروڑ افراد نجی ہسپتالوں سے مفت علاج کرائیں گے۔ صوبے کی 30 فیصد آبادی کو انصاف کارڈ کے ذریعے ہیلتھ کور حاصل ہوگا۔ کارڈ کی 7 لاکھ 20 ہزار روپے کی لمٹ کو ضرورت کے تحت بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔
 

Advertisement