لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عید اجتماعات کی سیکیورٹی ہر قیمت پر یقینی بنانے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ہمہ وقت چوکس رہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں اہم امور زیر غور لائے گئے۔ اس موقع پر انہوں نے عید اجتماعات پر سیکیورٹی انتظامات مکمل فول پروف بنانے کے اقدامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ دشمن مکار اور بزدل ہے، متعلقہ اداروں کو ملک دشمن عناصر کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھنا ہوگی۔
انہوں نے خصوصی ہدایات جاری کیں کہ ون ویلنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں جبکہ ہوائی فائرنگ کے واقعات کے سدباب کیلئے بھی پولیس کو فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے کئے گئے انتظامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ میں عید پر چھٹیاں نہیں کروں گا بلکہ فیلڈ میں جاؤں گا۔ میں کسی بھی شہر جا کر صورتحال کا خود جائزہ لوں گا۔
عثمان بزدار نے ہدایت دی کہ بارشوں کے پیش نظر ادارے اپنی تیاریاں مکمل رکھیں۔ مویشی منڈیوں میں بھی صفائی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور آلائشوں کو بروقت مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں۔ جبکہ بڑے شہروں میں سپرے بھی کرایا جائے۔ صفائی کے انتظامات میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا۔