راجن پور: حالیہ بارشوں سے سیلابی صورتحال، بستیاں اور فصلیں زیر آب

Last Updated On 13 August,2019 01:30 pm

راجن پور: (دنیا نیوز) راجن پور میں کوہ سلیمان پر حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ندی نالے بپھرنے سے درجنوں بستیاں اور سینکڑوں ایکڑ کاشتہ فصلیں زیر آب آ گئیں۔

کوہ سلیمان پہاڑی سلسلے پر ہونے والی بارش سے ندی نالے سوری، کاہا اور چھاچر بپھر گۓ جس سے درجنوں علاقے زیرآب اور سینکڑوں ایکڑ کاشتہ فصلات جن میں کپاس، کماد، چاول اور مونگی شامل ہیں، زیرآب آ گئے۔

پل پٹھان کے قریب پچاس فٹ کا شگاف پڑنے شہری آبادیوں لاکھا، جاگیر گبول اور کوٹلہ عیسن سمیت کئی علاقوں میں کسی بھی وقت پانی داخل ہو سکتا ہے، سیلابی ریلے سے بچنے کے لیے لوگ اپنی مدد آپکے تحت امدادی کاموں میں مصروف ہیں جبکہ بستیوں کے اطراف میں مٹی کے بند بھی عوام اپنی مدد آپکے تحت بنانے میں لگے ہیں۔

متوقع سیلابی صورتحال سے لوگ خوف وہراس میں مبتلا ہیں، سرکاری مشینری اور انتظامیہ تاحال متاثرہ علاقوں میں نہہیں پہنچے جبکہ سیلاب کے پیش نظر چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں، اس کے باوجود ڈپٹی کمشنر سمیت کوئی بھی ان علاقوں میں وزٹ تک کے لیے نہیں پہنچا۔