راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی کے تھانہ صادق آباد میں دوران ڈیوٹی شرٹ اتارنے والے سب انسپکٹر کو معطل کر دیا گیا۔ ایس ایس پی آپریشن کہتے ہیں کہ ہے کوئی پولیس والا قانون اور اخلاقیات سے بالاتر نہیں ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے تھانہ میں خواتین کے سامنے اپنے جسم کی فلمی انداز میں نمائش کرنے والے سب انسپکٹر کو معطل کرکے محکمانہ انکوائری کا حکم دیدیا گیا ہے۔
دنیا نیوز کی حاصل کردہ اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایس ایچ او تھانہ صادق آباد کی موجودگی میں سب انسپکٹر محمد حیات شرٹ اتار کر کام کر رہا ہے۔
ایک خاتون تھانہ صادق آباد میں مدد کے لئے گئی تو سب انسپکٹر نیم برہنہ حالت میں اس کے سامنے بیٹھ گیا۔ نازیبا حرکت سے تھانے آنے والی خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ایس ایس پی آپریشن سیدعلی اکبر نے دوران ڈیوٹی شرٹ اتارنے والے تھانہ صادق آباد کے سب انسپکٹر حیات خان کو معطل کر دیا ہے۔ سب انسپکٹر کے خلاف محکمانہ انکوائری ہوگی، الزامات ثابت ہونے پر سخت سزا دی جائے گی۔