مردان: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی مردان میں عوامی شکایات پر کارروائیوں کے دوران ناقص صفائی اور مضر صحت رنگوں کے استعمال پر جعلی مشروبات کی فیکٹری سمیت چار بیکری یونٹس سیل کر دیئے گئے۔
فوڈ اتھارٹی ترجمان کے مطابق عوامی شکایات پر ضلع مردان کے مختلف بازاروں میں کارروائیاں کی گئیں جن کے دوران ناقص صفائی اور مضرصحت رنگوں کے استعمال پر 4 بیکری یونٹس سیل کیے گئے۔ جعلی مشروبات کی فیکٹری اکھاڑ کر مشینری تحویل میں لے لی گئی۔
کارروائی میں 10 ہزار لیٹر مضر صحت مشروبات کو تلف کر دیا گیا، میگامارٹ سے 20 کلو نمکو اور 30 کلو زائد المعیاد خشک دودھ تلف کرتے ہوئے مارٹ کو سیل کیا گیا۔ کارروائیوں میں فوڈ سیفٹی سٹینڈرڈز کی خلاف ورزی پر 2 میگا مارٹ اور 4 بیکریوں کے لائسنس معطل کئے گئے۔ کارروائی میں 12 افراد کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔