لاہور: (دنیا نیوز) آئی جی پنجاب عارف نواز خان کا کہنا ہے کہ دریا کے کنارے آباد دیہاتوں، آبادیوں میں امدادی ٹیموں کا گشت جاری رکھا جائے۔
دنیا نیوز کے مطابق آئی جی نے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر پولیس فورس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ وائر لیس پر نشر پیغام میں قصور اور پاکپتن سمیت دریائی اضلاع میں پولیس کو فلڈ ریلیف سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیمیں شہریوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی سمیت دیگر امدادی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، دریا کے کنارے آباد دیہاتوں اور آبادیوں میں امدادی ٹیموں کا گشت جاری رکھا جائے۔
عارف نواز خان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس فورس امدادی سرگرمیوں میں مصروف دیگر اداروں کے ساتھ کلوز کوارڈی نیشن بھی رکھے، عوام کی جان و مال اور املاک کے تحفظ کیلئے پولیس افسران واہلکار خدمت خلق کے جذبے کے تحت فرائض سر انجام دیں۔