رحیم یار خان: (دنیا نیوز) رحیم یار خان پولیس نے معصوم لڑکیوں کو اغواء کر کے نشے کا عادی بنا کر جسم فروشی اور فروخت کرنے والے گروہ کی سرغنہ میڈم تانیہ کو گرفتار کر لیا۔ گروہ کے دیگر ارکان فرار ہو گئے جنہیں پکڑنے کے لئے پولیس جگہ جگہ چھاپے مار رہی ہے۔
اغوا پھر گندا دھندا، رحیم یار خان میں کوئی اور نہیں، بنت حوا ہی، حوا کی بیٹیوں کی دشمن نکلی۔ گروہ کی ماسٹر مائنڈ میڈم تانیہ سادہ لوح معصوم لڑکیوں کو پہلے اغوا کراتی، نشے کا عادی بناتی اور پھر اپنے اشاروں پر نچاتی۔
ڈی ایس پی اختر عباس کا کہنا ہے گروہ امیر لوگوں کو پھانسنے کے لئے لڑکیوں کا استعمال کرتا تھا۔ متاثرہ لڑکی نے بتایا اس جیسی کئی لڑکیاں پھنسی ہوئی ہیں جنہیں نشہ کا عادی بناکر قید کیا ہوا ہے۔
ایک اور مغوی لڑکی کی والدہ نے ارباب اختیار سے اپیل کی ہے کہ ان کی بیٹی کو نشے کی آڑ میں دھندا کروایا جا رہا ہے۔ بیٹی کو بازیاب کروایا جائے۔