لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں پسند کی شادی کرنے پر بھائی نے فائرنگ کرکے بہن اور بہنوئی کو قتل کر دیا۔ پولیس نے لاشیں تحویل میں لے کر تحقیقات شروع کر دیں۔
پولیس کے مطابق واقعہ پیر کی شام پیر غازی روڈ اچھرہ میں پیش آیا جہاں گوجرانوالہ سے بھاگ کر شادی کرنے والی 24 سالہ کائنات اور اس کے شوہر پچیس سالہ اسد کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا گیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے دونوں زخمیوں کو تشویشناک حالت میں سروسز ہسپتال منتقل کر دیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ میں کائنات کا بھائی گل شیر ملوث ہے جو موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ تاہم فرانزک ماہرین کی مدد سے جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
پولیس نے مقتولین کی لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیں جبکہ ملزم کی تلاش کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔