نمرتاآخری وقت تک مہران ابڑوکیساتھ رابطے میں تھی:ایف آئی اے کی رپورٹ پولیس کوموصول

Last Updated On 25 September,2019 05:13 pm

لاڑکانہ: (دنیا نیوز) نمرتا قتل کیس میں ایف آئی کی رپورٹ پولیس کو موصول ہو گئی ہے جبکہ معاملے کی جوڈیشل انکوائری کی منظوری کے بعد ڈی آئی جی عرفان بلوچ اور ایس ایس پی مسعود بنگش نے سیشن سے ملاقات کی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق نمرتا قتل کیس میں ایف آئی اے نے اپنی مفصل رپورٹ پولیس کو بھیجی تھی جو پولیس کو موصول ہو گئی ہے، جس کے مطابق نمرتا آخری وقت تک اپنے دوست مہران ابڑو سے رابطے میں تھی۔

پولیس ذرائع کے مطابق زیرحراست مہران ابڑو اور نمرتا کے درمیان چپقلش کا ریکارڈ بھی مل گیا، نمرتا اور مہران ابڑو کے درمیان شادی کے معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، مہران نے جو پیغامات مٹائے ان کا ریکارڈ بھی مل گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نمرتہ قتل کیس کا معمہ تاحال حل نہ ہو سکا،حیدر آباد میں احتجاج، ریلیاں

پولیس ذرائع کے مطابق مہران ابڑو نے آخری وقت نمرتا کو جواب دینا بند کردیا، ریکارڈ کی روشنی میں پولیس نے مہران کا پھر بیان لینے کا فیصلہ کیا ہے، ابڑو کے پیغامات کی روشنی میں ایک مرتبہ پھر بیان لیا جائے گا۔

اُدھر قتل کیس میں معاملے کی جوڈیشل انکوائری کی منظوری کے بعد ڈی آئی جی عرفان بلوچ اور ایس ایس پی مسعود بنگش نے سیشن جج سے ملاقات کی ہے، ملاقات میں پولیس نے اب تک ہونے والی تحقیقات، فرانزک رپورٹس، پوسٹمارٹم رپورٹ سمیت دیگر معاملات سے سیشن جج کو آگاہ کیا۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ کا کہنا ہے کہ سیشن جج معاملے کی 27 ستمبر سے تحقیقات شروع کریں گے، سیشن جج معاملے کی انکوائری اور پولیس ان کی معاونت کرے گی، واقعہ قتل ہے یا خودکشی یا اس میں انتظامیہ کا کیا رول ہے سب سامنے آجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نمرتہ معاملے کا مقدمہ جوڈیشل انکوائری کے بعد درج کیا جائے گا، لواحقین سے ملاقات ہوئی اکلوتی بیٹی کے موت کے سانحے سے گزر رہے ہیں، ورثا فی الحال ایسے کسی قانونی معاملے میں پڑنا نہیں چا رہے جن سے انہیں مزید تکلیف ہو، پولیس۔عدلیہ اور عوام ورثا کے ساتھ ہیں واقعے کے محرکات سامنے ضرور لائیں گے۔

ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ اب تک ہونے والی تحقیقات سے سیشن جج کو آگاہ کرچکے، 27 ستمبر تک جو اپ ڈیٹ ہو گی اس سے بھی انہیں آگاہ کرتے رہیں گے،سیشن جج خود معاملے میں دلچسپی لے رہے ہیں، جلد مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔