سکھر: (دنیا نیوز) پنوں عاقل میں پنجاب پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم (سی ٹی ڈی) اہلکاروں کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے دو دہشتگردوں کے جرائم ریکارڈ دنیا نیوز نے حاصل کر لیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد کا بائیو ڈیٹا دہشتگردوں سے متعلق ریڈ بک میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پنجاب پولیس نے سندھ میں کارروائی کرتے ہوئے دو دہشتگرد مبینہ مقابلے میں ٹھکانے لگا دیے تھے، ریڈ بک میں شامل دہشتگر سعید کا جرائم سے متعلق بائیو ڈیٹا صفحہ 77 پر شامل ہے۔ دوسرے دہشتگرد کی شناخت ہاشم کے نام سے ہوئی ہے۔
ذرئاع کے مطابق مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے سعید کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے تھا، جاں بحق ہونے والا سعید جنوبی پنجاب میں کالعدم لشکر جھنگوی کو منظم کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد کے متعلق پتہ چلا ہے کہ وہ تنظیم کو منظم کر کے سی ٹی ڈی سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ملک اسحاق کی ہلاکت کا بدلہ لینا چاہتا تھا، مقتول سعید پر پنجاب کے مختلف تھانوں میں 11 سنگین مقدمات درج ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول سعید لاہور میں ڈی ایس پی طارق کمبوہ کو شہید کرنے میں ملوث تھا، مقتول سعید شیخوپورہ میں 13 اہل تشیع افراد کو قتل کرنے میں بھی ملوث رہا ہے، مقتول سعید ڈی ایس پی مراتب حسین کے گھر میں ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کرنے میں ملوث رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق مقتول سعید پولیس افسران سمیت اہل تشیع افراد کو قتل کرنے کی ریکی میں بھی ملوث رہا ہے۔ مقتول سعید 2002ء میں جوہر ٹاؤن لاہور میں چینی انجنئیر کے قتل کے منصوبے میں ملوث رہا ہے، مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والا دوسرا شخص ہاشم بھی سعید کے ساتھ کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کو منظم کرنے میں سرگرم تھا۔
یاد رہے کہ سی ٹی ڈی کے ساتھ مقابلے میں ہونے والے دو دہشتگردوں کا تعلق پنجاب سے تھا، ہلاک افراد شناخت سعید اور ہاشم کا تعلق شیخوپورہ اور فیصل آباد سے تھا۔