لاہور: (دنیا نیوز) موبائل مارکیٹ چونیاں میں چور نے اپنا موبائل بیچا اور جاتے ہوئے دکاندار کا ہی موبائل فون لے اڈا، تھانہ سٹی پولیس نے ملزم کی سی سی ٹی وی فوٹیج، شناختی کارڈ اور درخواست ہونے کے باوجود نہ تو مقدمہ درج کیا اور نہ سراغ لگا سکی۔
موبائل مارکیٹ چونیاں میں موبائل شاپ پر دن دیہاڑے چوری کی واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج دنیا نیوز کو موصول ہو گئی، نامعلوم چور نے موبائل شاپ پر موبائل فون فروخت کیا اور جاتے ہوئے دکاندار کا ہی موبائل لے اڑا۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ چور موبائل فون کو چادر کے نیچے چھپاتا ہے پھر جیب میں ڈال کر دوکانداروں سے مصافحہ کرتا ہے اور اطمینان سے فرار ہو جاتا ہے، متاثرہ دکاندار طیب کا کہنا ہے تھانہ سٹی پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج، ملزم کا شناختی کارڈ اور درخواست ہونے کے باوجود مقدمہ درج نہیں کیا اور نہ ملزم کا سراغ لگایا۔ شناختی کارڈ کے مطابق ملزم ریاض دانش ضلع اوکاڑہ حجرہ کا رہائشی ہے۔