کراچی: ایک ماہ پہلے اغوا ہونیوالا ٹرانسپورٹر شکارپور سے بازیاب

Last Updated On 02 December,2019 09:21 am

کراچی: (دنیا نیوز) کورنگی کراسنگ سے اغوا ہونے والے ٹرانسپورٹر کو شکار پور پولیس نے بازیاب کرا لیا، مغوی ایک ماہ سے اغوا کاروں کے چنگل میں تھا۔

کورنگی ناصر جمپ سے27 اکتوبر کو اغوا ہونے والے ٹرانسپورٹر کو شکار پور پولیس نے گڑھی تیغو سے ایک ماہ بعد بازیاب کرا لیا۔ مغوی ٹرانسپورٹر غلام مصطفی کوریجو چکرا گوٹھ کا کا رہائشی ہے اور اغوا کے روز پٹرول پمپ پر ڈیزل لینے آیا تھا، مغوی غلام مصطفی کوریجو کے مطابق سفید رنگ کی گاڑی میں سوار مسلح ملزمان نے اغوا کیا تھا جبکہ ملزمان کے کچھ ساتھی موٹرسائیکل پر بھی تھے، اغوا کاروں نے رہائی کے لئے لاکھوں روپے تاوان مانگا تھا، اغوا کاروں نے نشے کا انجکشن دیکر بے ہوش کیا تھا اور جب آنکھ کھلی تو شدید فائرنگ کی آوازیں آرہی تھیں، اغوا کاروں کے پاس سے فرار ہوکر قریبی پولیس کے پاس پہنچا تھا۔

مغوی کی بازیابی کیلیے اغوا کاروں سے پولیس مقابلے کا مقدمہ شکار پور میں درج ہے۔ مغوی کے مطابق وہ اغواکاروں کو عاشق چانڈیو، صاحب ڈنو، احمد چانڈیو،فدا حسین، محمد علی چانڈیو،محبت چانڈیو کے ناموں سے جانتا ہے جبکہ ایک نامعلوم ملزم بھی تھا۔

۔