فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں مال مقدمات میں پکڑی گئی کروڑوں روپے مالیت کی سیکڑوں گاڑیاں پولیس کی غفلت کے باعث کئی سال بیت جانے کے بعد بھی نیلام نہ ہو سکیں، کُھلے آسمان تلے کھڑی گاڑیاں کباڑ میں تبدیل ہو گئیں۔
یہ مناظر کسی کباڑ مارکیٹ کے نہیں بلکہ تھانہ سمن آباد میں عرصہ دراز سے کھڑی مال مقدمات کی سینکڑوں گاڑیاں ہیں جو پولیس کی جانب سے بروقت نیلامی نہ کروائے جانے اور مناسب حفاظتی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے زنگ آلود ہو کر تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہیں۔
گاڑیوں کے قیمتی پارٹس چوری ہونے کے انکشافات بھی آئے روز سامنے آنے لگے ہیں البتہ ترجمان فیصل آباد پولیس انسپکٹر عامر وحید کہتے ہیں کہ گاڑیوں کی نیلامی کروانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
کروڑوں روپے مالیت کی ان گاڑیوں کی اگر بروقت نیلامی ہوجاتی تو محکمہ پولیس کو ان کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم کی صورت میں مالی فائدہ بھی ہوسکتا تھا۔