سیالکوٹ: (دنیا نیوز) سیالکوٹ کی تحصیل پسرور میں خون سفید ہو گیا، ظلم کی انتہا سامنے آئی ہے جہاں پر زمین کے لیے بیٹے نے بیوی کے ساتھ مل کر باپ کو قتل کر ڈالا۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی تحصیل پسرور کے گاؤں دولووالی کا خیرات حسین ایک سال قبل لاپتہ ہو گیا تھا، پوتے کی نشاندہی پر پولیس نے گھر کے صحن سے خیرات حسین کی نعش برآمد کرلی۔
خیرات حسین اپنی زمین اپنے پوتے کے نام کرنا چاہتا تھا جس کی وجہ سے بیٹے محمد بوٹا اور بہو جیا بی بی نے خیرات حسین کو قتل کر کے نعش گھر کے صحن میں دفنا دی۔
پولیس تھانہ صدر نے خیرات حسین کے پوتے ولایت شاہ کی درخواست پر اس کے والد اور والدہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے پسرور پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔