لاہور: (دنیا نیوز) کیپٹل سٹی پولیس آفسر (سی سی پی او) ذوالفقار حمید کا کہنا ہے کہ لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کر کے سینکڑوں ملزمان کو گرفتار کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والوں ملزمان اندھے قتل، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی، چوری معہ قتل سمیت مختلف وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان سے ساڑھے 15 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، گاڑیاں، موبائل فونز، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔
ذوالفقار حمید کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان نے دوران تفتیش شہر کے مختلف علاقوں میں تقریباً 200 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے، سی آئی اے پولیس لاہور نے ساڑھے 6 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا مال مسروقہ اصل مالکان میں تقسیم کیا۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف نے پونے سوا 6 کروڑ مالیت کی 65 کاریں اور 150 سے زائد موٹر سائیکلیں اصل مالکان کے سپرد کی گئیں۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا مزید کہنا تھا کہ انویسٹی گیشن پولیس ڈیفنس B نے جمشید اقبال کے گھر میں ڈکیتی کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے اڑھائی کروڑ روپے برآمدکر لیے ہیں۔
ذوالفقار حمید کا کہنا تھا کہ مناواں اور ستو کتلہ پولیس نے گھروں میں چوری کرنے والے ملزمان گرفتار کر کے تقریباً 2 کروڑ روپے کا مال مسروقہ برآمد کیا۔ چوہنگ کے علاقے میں شہری عثمان کے اندھے قتل کی واردات میں ملوث 7سال سے مطلوب 3 اشتہاری ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔