اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہر اقتدارمیں ڈاکو راج ۔ شمس کالونی آئی جے پی روڑپرڈاکوؤں نے ٹرک لوٹنے کی کوشش کی، ٹرک ڈرائیورکے نہ رکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے دوافراد کو قتل کر دیا۔۔ پولیس کی ملزمان کو پکڑنے کی کوشش ناکام ہو گئی۔
شہر اقتدار میں ناکے کیا ختم ہوئے ہر طرف ڈاکو راج ہی دکھائی دینے لگے۔ دن دیہاڑے ڈکیتی کی وارداتیں ہونے لگیں، محفوظ ترین سمجھا جانے والا شہر کرائم گڑھ بن گیا۔ تھانہ شمس کالونی کے علاقے آئی جے پی روڈ پر ڈاکوؤں کی ٹرک لوٹنے کی کوشش کی۔ ڈرائیور نے ٹرک نہ روکا تو ڈکیتوں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے دو افراد قتل کر دئیے۔
پولیس کے مطابق گشت پرمامورجوانوں نے موٹرسائیکل سواروں کا تعاقب کیا لیکن ملزمان موٹرسائیکل چھوڑ فرار ہو گئے۔ موٹرسائیکل پولیس نے قبضہ میں لے لیا۔ جدید ٹیکنالوجی اور جیو فینسنگ کے ذریعے تفتیش جاری ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں تین روز کے دوران فائرنگ کے مختلف واقعات کے نتیجے میں پانچ افراد جاں بحق ہو چکے۔