احمد پور شرقیہ: (دنیا نیوز) تھانہ نوشہرہ جدید پولیس نے کامیاب کاروائی کرتے ہوئے کوئٹہ سے بہاول پور منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے 9 ارکان کو گرفتار کرکے 4 من سے زائد چرس برآمد کرلی۔
ڈی ایس پی پی احمد پور شرقیہ چوہدری بختیار احمد نے ایس ایچ او تھانہ نوشہرہ جدید مسلم ضیاء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے کوئے بتایا کہ نوشہرہ جدید پولیس نے بین الصوبائی منشیات فروش گروہ کے سرغنہ بلوچستان کے علاقہ پشین کے رہائشی نصر الدین اور اس کے ساتھیوں اجمل ، مختیار ، اجمل ، اللہ ڈتہ ، مدنی، ہیبت ، سخاوت ، نفیس کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 4 من سے زائد چرس برآمد کرلی۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان کوئٹہ سے ٹرک اور کار پر منشیات سمگل کرکے بہاولپور اور پنجاب کے دیگر علاقوں میں سپلائی کے لئے لے جارہے تھے کہ پولیس نے کوشش ناکام بنادی اور ٹرک، کار کو بھی قبضہ میں لے لیا۔
ڈی پی او بہاول پور حسن مشتاق سکھیرا اور ڈی ایس پی چوہدری بختیار احمد نے پولیس کی شاندار کارکردگی پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔