کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے گلشن اقبال کے باغ سے قبضہ ہٹوانے کا ڈپٹی کمشنر کا وعدہ وفا نہ ہو سکا،علاقہ مکین سراپا احتجاج ہیں، فیملی پارک پر غیر قانونی تعمیرات تیزی سے جاری ہیں۔
گلشن اقبال تیرہ ڈی میں واقع فیملی پارک باغ رضوان جس کے ایک حصے پر قبضے سے شہری پریشان ہیں، قبضہ مافیا نے پلاٹ کو پارک سے کاٹ کر نہ صرف دیوار کھڑی کر دی ہے بلکہ اندر غیر قانونی تعمیرات بھی جاری ہیں۔
گزشتہ ماہ اس پارک میں منعقد ہونے والی پھولوں کی نمائش میں ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے ایک ہفتے میں قبضہ ختم کرنے اور غیر قانونی دیوار اور تعمیرات ہٹانے کا وعدہ کیا تھا مگر ایک ماہ گزرنے کے باوجود یہ وعدہ وفا نہیں ہوا جس پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کئی بار مختلف دفاتر میں شکایات کیں لیکن کہیں شنوائی نہیں ہوئی، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے اپنا وعدہ جلد نبھانےکا مطالبہ کیا ہے۔