گاڑیوں کے برانڈ پورشے کے ڈیلر ابوزر بخاری کے فراڈ کیس میں اہم پیشرفت

Published On 10 February,2021 05:07 pm

لاہور: (دنیا نیوز) گاڑیوں کے برانڈ پورشے کے ڈیلر ابوزر بخاری کے فراڈ کیس میں اہم پیشرفت، نیب نے فراڈ سے متعلق شکایات موصول ہونے کے بعد قانونی کارروائی کا آغاز کردیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے اخبار میں دیئے گئے اشتہار کے مطابق تمام متاثرین اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کے ثبوت نیب لاہور کے دفتر بھجوائیں۔

نیب کی ٹیم نے متاثرین کو ڈائریکٹر جنرل کے نام درخواستیں لکھنے کے لیے اشتہار دیا ہے۔

فراڈ سے متاثرہ افراد کو ہر طرح کی قانونی معاونت فراہم کریں گے۔ معروف گاڑی پورشے کے ڈیلر نے متعدد افراد سے 80 کروڑ روپے کا فراڈ کیا تھا۔

پورشے کے ڈیلر نے نئے ماڈل کی گاڑی بک کرنے کے لیے کروڑوں روپے وصول کئے اور گاڑی کی ڈیلوری سے پہلے ہی کروڑوں روپے لے کر بیرون ملک فرار ہو گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ پورشے کے ڈیلر کے خلاف متاثرہ افراد نے متعدد مقدمات درج کروا رکھے ہیں۔

تھانہ غالب مارکیٹ، گلبرگ اور سرور روڈ میں مقدمات درج کئے گئے تھے۔ ملزم ابوزر بخاری نے ایڈوانس کی مد میں کروڑوں روپے وصول کئے تھے۔

ابوزر بخاری نے لاہور میں مختلف مقامات پر پورشے گاڑی کے دفاتر بنا رکھے تھے۔ فراڈ کرنے کے فوری بعد ملزم ابوزر بخاری بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔
 

Advertisement