فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ لیبر کی جانب سے کارروائیاں نہ ہونے کے باعث گھریلو ملازمین پر تشدد کے واقعات بڑھنے لگے۔ واقعات کی روک تھام کیلئے عملی اقدامات کی بجائے محض کاغذی کارروائیوں پر ہی اکتفا کیا جانے لگا۔
فیصل آباد میں گھریلو ملازمین پر بڑھتے ہوئے تشدد کے واقعات کی روک تھام میں محکمہ لیبر کی کارروائیاں محض دعووں کی حد تک محدود ہو کر رہ گئیں۔ آئے روز پیش آنے والے واقعات میں گھریلو ملازمین بے رحم مالکان کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے لگے ہیں۔ معاملے پر ڈسٹرکٹ آفیسر چائلڈ پروٹیکشن بیورو اعجاز ڈوگر کہتے ہیں کہ گھریلو ملازمین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام ہمارے دائرہ اختیار میں نہیں۔ البتہ بچوں کے تحفظ کیلئے چائلڈ پروٹیکشن بیورو متاثرہ کمسن گھریلو ملازمین کو تحویل میں لے لیتا ہے۔
دوسری جانب ڈائریکٹر لیبر ڈیپارٹمنٹ منور اعوان کا کہنا ہے، گھریلو ملازمین پر تشدد کے واقعات کی روک تھام کیلئے ملازمین کی رجسٹریشن کرتے ہوئے قانون سازی کی جارہی ہے۔
شہری کہتے ہیں کہ گھریلو ملازمین پر تشدد کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائیاں نہ ہونے کی وجہ سے ایسے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے، جس کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کی اشد ضرورت ہے۔