کراچی: (دنیا نیوز) شہرقائد بڑی تباہی سے بچ گیا۔ شاہ لطیف ٹاؤن میں سی ٹی ڈی کے چھاپے کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق رات گئے کراچی کا علاقہ شاہ لطیف ٹاون گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونج اٹھا۔ کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو دہشتگردوں نے جدید اسلحے سے فائرنگ کردی۔ دستی بموں سے حملہ کیا اور سی ٹی ڈی کی بکتر بند گاڑی کو بھی نشانہ بنایا۔
سی ٹی ڈی نے بھی کمپاونڈ کا محاصرہ کرکے جوابی کارروائی کی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا اور ایک دہشتگرد مارا گیا جبکہ 5 کو گرفتار کر لئے گئے۔
دہشتگردوں سے 4 کلاشنکوف،4 خود کش جیکٹس،15 دستی بم اور بارود سے بھرا رکشہ بھی برآمد کرلیا گیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق تفتیش کی جا رہی ہے کہ دہشتگردوں کا تعلق کس گروپ سے ہے۔ اہم انکشافات متوقع ہیں۔