کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کالاپل سگنل کے قریب عدالت پیشی کے بعد واپسی پر آتے ہوئے فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ پولیس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ بتایا ہے۔
کراچی میں ایک اور فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے۔ کالا پل سگنل کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے، دونوں کی شناخت سید ساجد اور سید عابد کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے دس خول ملے ہیں۔
مقتولین سگے بھائی ہیں اور عدالت میں پیشی کے بعد آ رہے تھے۔ مقتولین کے ماضی میں بھی جھگڑے رہے ہیں۔ مقتولین اور مخالفین ایک دوسرے پر مقدمات بھی درج کرواتے رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیکر قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔