گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ بھتہ خوروں کے نرغے میں آ گیا، پیپلز کالونی کے تاجر کو بھتے کی پرچی موصول، تاجروں میں خوف وہراس پھیل گیا۔
پولیس کی جانب سے درج کی گئی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ نامعلوم شخص نے عماد احمد نامی تاجر کے گھر دو لاکھ روپے بھتے کی پرچی بھیجی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ وزیر آباد سرکل میں بھی بھتہ خوری عروج پر ہے۔ اس کے علاوہ علی پور، احمد نگر اور گکھڑ منڈی بھتہ خوروں کا گڑھ بن چکے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بھتہ نہ دینے پر ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک سرفراز کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ چند روز قبل بھتہ نہ دینے پر آڑھتی غلام محمد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
ادھر پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں بری طرح ناکام ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس کو ملزمان کی تمام نقل وحرکت سے آگاہ بھی کیا جاتا ہے لیکن ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔
ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی نہ ہونے پر شہری خوف و ہراس میں مبتلا ہیں۔ بھتہ خوروں کے خوف سے شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔ ادھر پولیس کا موقف ہے کہ بھتہ خوروں کو گرفتار کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔