کراچی: عزیز آباد سے 2 ڈاکو گرفتار، عبداللہ شاہ غازیؒ کے مزار کے سامنے دستمی بم حملے کا مقدمہ درج

Published On 03 June,2021 11:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے عزیز آباد میں شہری کو لوٹ کر فرار ہونے والے 2 ڈٓاکووں کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ دوسری جانب گزشتہ روز عبداللہ شاہ غازیؒ کےمزار کے سامنے ہونے والے دستمی بم حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

کراچی کے علاقے عزیز آباد میں پولیس نے کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائم کی واردات ناکام بنا دی، پولیس کے مطابق دو ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ تین موٹر سائیکلوں پر سوار 5 مسلح ملزمان نے عزیز آباد نمبر دو کے قریب واردات کی۔ ملزمان شہری سے اسلحے کے زور پر نقد رقم، موبائل فون چھین کر فرار ہوئے تھے۔ گشت پر مامور تھانہ عزیز آباد کی پولیس موبائل نے تعاقب کے بعد مُلزمان کو گرفتار کیا۔

ملزمان کی شناخت غلام عباس اور اشرف کے نام سے ہوئی۔ گرفتار ملزمان نے ڈسٹرکٹ ویسٹ اور سینٹرل کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز بحریہ آئیکن کے دروازے پر ہونے والے دستمی بم حملے کا مقدمہ کلفٹن تھانے میں درج کرلیا گیا۔ مقدمہ سکیورٹی انچارج منیر احمد کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مقدمہ دہشتگردی کی دفعہ کے تحت درج کیا گیا۔ متن کے مطابق موٹرسائیکل سوار دو ملزمان نے ہینڈ گرنیڈ پھینکا اور فرار ہوئے۔ دھماکے سے سکیورٹی گارڈ نذیر زخمی ہوا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔
 

Advertisement