اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد پولیس نے ملزم ظاہر جعفر کا نام ای سی ایل میں شامل کر کے بیرون ممالک سے مجرمانہ ریکارڈ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا، وفاقی وزیر فواد چودھری کہتے ہیں اس کیس میں انصاف ہوتا نظر آئے گا۔
نورمقدم قتل کیس میں تحقیقات کا دائرہ وسیع، سابق سفرا کی تنظیم نے ملزم کو نشان عبرت بنانے کا مطالبہ کر دیا۔ فواد چوہدری نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی، انصاف ہوتا نظر آئے گا۔
آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان سے نور مقدم قتل کیس کی تفتیشی ٹیم نے ملاقات کی، آئی جی اسلام آباد نے ظاہر ذاکر کا نام ای سی ایل میں شامل کر کے انگلینڈ،امریکا سے ملزم کا کرمینل ریکارڈ لینے کے لئے رابطے کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں نور مقدم اور عثمان مرزا کے کیس میں پولیس کام کر رہی ہے، دونوں مقدمات میں انصاف ہو گا، کوئی غلط فہمی میں نہ رہے، کسی کو رعایت نہیں ملے گی۔
سابق سفراء کی نمائندہ تنظیم نے سابق سفیرشوکت علی مقدم کی صاحبزادی کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اس واقعہ کا نوٹس لینے اور قاتل کو مثالی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے، سابق سفیروں کا کہنا ہے کہ اس کیس کی موثر نگرانی سے خواتین کیخلاف جرائم کی شرح میں کمی ہوگی۔