اسلام آباد: (دنیا نیوز) ای الیون لڑکا لڑکی تشدد کیس میں مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی گئی، ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر استغاثہ سے شہادتیں طلب کر لی گئیں، عدالت نے گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کیلئے گواہوں کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں ای الیون واقعہ لڑکی اور لڑکے پر تشدد اور بلیک میلنگ کیس میں عدالت نے مرکزی ملزم عثمان مرزا سمیت سات ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی ہے۔ ملزمان کو چارج شیٹ پڑھ کر سنائی گئی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ مرکزی ملزم عثمان مرزا ، شریک ملزمان حافظ عطا الرحمن، ادارس قیوم بٹ، ریحان، عمر بلال مروت، محب بنگش، فرحان شاہین پر فرد جرم عائد کی گئی۔
عدالت نے تمام ملزمان کو چارج شیٹ پیش کی۔ فرد جرم کے بعد ملزمان کے خلاف باقاعدہ ٹرائل کا آغاز ہو گیا ہے۔ عدالت نے ملزمان کے صحت جرم سے انکار پر استغاثہ سے شہادتیں طلب کر لی ہیں۔ عدالت نے پراسیکوشن کے گواہان کے بیانات قلمبند کرنے کیلئے گواہوں کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر پر طلب کر لیا ہے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت بارہ اکتوبر تک ملتوی کر دی۔