گوجرانوالہ:(دنیا نیوز)7سالہ کمسن حسنین کے قتل کی لرزہ خیزواردات کا ڈراپ سین ہو گیا اوربچے کا حقیقی ماموں ہی قاتل نکلا۔
سی پی او گوجرانوالہ سید حماد عابد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ تھانہ سٹی کامونکی کے علاقہ محلہ رسول نگر میں 7سالہ بچہ حسنین گلی میں کرکٹ کھیل رہاتھا کہ گیند ماموں کے گھر گر گئی ،بچہ گیند لینے ماموں کے گھر گیا تو ملزم قیصر نے اپنی بیوی اور ساس کے ساتھ مل کر بچے کو گلہ دبا کر قتل کر دیا اور نعش کو بوری میں بند کرکے کھیتوں میں پھینک دیا ۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کیا اور ملزم قیصر سے تحقیقات کی تو ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ذاتی رنجش پر اس نے اپنی بیوی شیزہ اور ساس ریاض بی بی کے ساتھ مل کر بچے کوگلہ دبا کر قتل کیا اور نعش کو کھیتوں میں پھینک دیا ۔
سی سی پی او کا کہنا تھا کہ قاتلوں کو 8گھنٹوں کے اندر گرفتار کرنے پر بچے کے والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔