لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں نئے بلدیاتی ایکٹ کے تحت اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کے نظام کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پنجاب کابینہ نئے بلدیاتی ایکٹ کی منظوری دے چکی ہے، نیا بلدیاتی نظام صوبے کے عوام کو حقیقی معنوں میں با اختیار بنائے گا، نئے بلدیاتی نظام کو مشاورت کے ساتھ حتمی شکل دی گئی ہے، نیا لوکل گورنمنٹ سسٹم عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا، نچلی سطح پر اختیارات کو حقیقی معنوں میں منتقل کر کے عوام کو بااختیار بنائیں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پہلی بار براہ راست انتخابات کرائے جائیں گے، نئے بلدیاتی نظام سے مقامی سطح پر ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گا، تحریک انصاف کی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کیلئے پرعزم ہے، پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار بااختیار لوکل گورنمنٹس قائم ہوں گی۔
واضح رہے اجلاس میں صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، صوبائی وزیر بلدیات میاں محمودالرشید، صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری بلدیات اور متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔