لاہور: (دنیا نیوز) گورنر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی میں اوورسیز پاکستانیوں کا اہم کردار ہے، یہ ملک و قوم کا سرمایہ ہیں، انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
گورنر پبجاب سے کنگ ایڈورڈ کے فیکلٹی ممبران اور امریکہ و برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانی ڈاکٹرز نے ملاقات کی۔ جس میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل بھی موجود تھے۔ اس موقع پر چودھری سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پہلی بار شفافیات اور میرٹ کو یقینی بنایا جا رہا ہے، اداروں میں اصلاحات اور ان کو مضبوط بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
چوہدری سرور نے پاکستان میں جدید علاج کی فراہمی کے لیے اوورسیز پاکستانی ڈاکٹرز کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ انصاف صحت کارڈ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت کا شاندار منصوبہ ہے۔ اوورسیز پاکستانی ڈاکٹرز نے کورونا کے دوران گورنر پنجاب چودھری سرور کی غریب عوام کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔