وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا اوورسیز پاکستانیوں سے ہر ماہ باقاعدہ ملاقات کرنے کا اعلان

Published On 24 December,2021 10:19 am

لاہور: (دنیا نیو) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اوورسیز پاکستانیوں سے ہر ماہ باقاعدہ ملاقات کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب ہر اوورسیز پاکستانی ووٹر ہے، اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکے گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سے وائس چیئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن کی قیات میں اوورسیز پاکستانیوں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں امریکہ، انگلینڈ، کینیڈا، یورپ، مشرق وسطی، افریقہ اور دیگر ممالک سے آئے اوورسیز پاکستانی شامل تھے۔ عثمان بزدار نے اوورسیزپاکستانیز کو ان کی شاندار خدمات پر میڈلز دیئے جبکہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے افسروں اور عملے میں شیلڈز تقسیم کیں۔

اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز کے وفد نے اوورسیز پاکستانیز کے مسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیراعلی عثمان بزدار کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ان کے مسائل کے حل کے لئے حکومت پنجاب کے اقدامات قابل تحسین ہیں، آپ نے وزیر اعلی آفس بلا کر ہمیں عزت دی اور ہمارے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، ہم سب آپ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ آپ سے آئندہ بھی تسلسل کے ساتھ مشاورت جاری رہے گی، اوورسیز پاکستانیز وطن عزیز کا سرمایہ ہیں، سمندر پار سے آنے والوں کو پہلی بار ووٹ کا حق تحریک انصاف کی حکومت نے دیا ہے۔
 

Advertisement