لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں کہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن اور ساہیوال ڈویژن میں صحت کارڈ پہلے ہی دیا جا چکا ہے- اگلے ماہ نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء پہلے مرحلے میں لاہور ڈویژن سے کیا جائے گا-
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں لاہور ڈویژن کے بعد پنجاب کے دیگر 6 ڈویژن میں نیا پاکستان صحت کارڈ کا اجراء کیا جائے گا-31مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس نیا پاکستان صحت کارڈ ہو گا- اس کارڈ کے ذریعے ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے سالانہ مفت علاج کی سہولت میسر ہو گی- پنجاب کے 3 کروڑ خاندان اور ساڑھے 11 کروڑ عوام اس کارڈ سے مستفید ہوں گے- نیا پاکستان صحت کارڈ کااجراء نئے پاکستان کی جانب ایک بڑا قدم ہے- یہ اس وعدے کی تکمیل ہے جو ہمارے قائد وزیراعظم عمران خان نے قوم سے کیا- صحت کی سہولتوں کو بہتر بنانے پر ہماری حکومت نے سب سے زیادہ توجہ دی ہے - ماضی میں شعبہ صحت کو نظر انداز کیا گیا - سابق حکومت میں شعبہ صحت کا بجٹ 169 ارب روپے تھا- ہماری حکومت نے صحت کے بجٹ کو بڑھا کر 399 ارب روپے کر دیا ہے -
انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں شعبہ صحت کی بہتری کے لئے پہلی بار خطیر رقم مختص کی گئی ہے - پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار لاہور سمیت پسماندہ اضلاع میں 8مدراینڈ چائلڈ ہسپتال بن رہے ہیں۔ نیا پاکستان صحت کارڈ وہ فلاحی منصوبہ ہے جس کے بارے میں ماضی کی حکومتوں نے سوچا تک نہیں -عام آدمی اور اس کے خاندان کواس کارڈ کے ذریعے علاج معالجہ کی معیاری سہولتیں ملیں گی- یہ صرف ایک کارڈ نہیں بلکہ عام آدمی کی مشکلات کے احساس اور اس کے حل کا جامع پروگرام ہے-