لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ 16 دسمبر کا دن آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کی یاد ہمیشہ تازہ کرتا رہے گا، قوم آرمی پبلک سکول کے بچوں اور اساتذہ کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا کہ اے پی ایس کے شہداء کی لازوال قربانیوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، شہدائے اے پی ایس نے پاکستانی قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا، بچوں نے اپنے قیمتی لہو سے محفوظ اور پرامن پاکستان کی بنیاد رکھی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ننھے پھولوں نے عظیم مقصد کیلئے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید بچوں کی عظیم قربانیوں نے قوم کو نیا حوصلہ اورعزم دیا، شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں، شہدائے اے پی ایس کے خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔