نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں: وزیراعلیٰ عثمان بزدار

Published On 09 December,2021 10:05 am

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن کے خاتمے کا ایجنڈا لے کر اقتدار میں آئی، نئے پاکستان میں کرپٹ لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بد عنوانی کی روک تھام کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بدعنوانی ایک سماجی ظلم اور بہت بڑی معاشرتی برائی ہے، کرپشن کرنا عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کے مترادف ہے، کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی گئی ہے، تحریک انصاف کی حکومت نے ہر شعبہ میں شفافیت کو یقینی بنانے کا تہیہ کیا ہوا ہے۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے ماضی میں وسائل لوٹنے والے بااثر مافیا پر پہلی بار ہاتھ ڈالا، ماضی میں ہونے والی بے حساب کرپشن نے ملک کا بیڑا غرق کیا، مگرمچھوں کو قانون کی گرفت میں لایا گیا، اینٹی کرپشن کو آزاد ادارہ بنایا ہے جس سے ادارے میں بے پناہ بہتری آئی ہے، ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کیلئے نیک نیتی و ایمانداری سے آگے بڑھیں گے۔

ادھر وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، جس میں آف گرڈ سلوشن کے حوالے سے اقدامات پر پیش رفت کاجائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری توانائی نے آف گرڈ سلوشن پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پر عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ چولستان، تھل اور کوہ سلیمان کے بجلی سے محروم پسماندہ علاقوں کو سولر انرجی سے روشن کیا جائیگا، پنجاب کے سینکڑوں گاؤں کو مرحلہ وار سولر انرجی کے ذریعے بجلی فراہم کی جائے گی، آف گرڈ سلوشن کے ذریعے پسماندہ ترین علاقوں کو بجلی فراہم کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر محکمہ توانائی نے پسماندہ ترین علاقوں میں آف گرڈ سلوشن (سولر انرجی) پراجیکٹ پر کام شرو ع کر دیا۔ عثمان بزدار اگلے ماہ پہلے آف گرڈ سلوشن پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چولستان، تھل، کوہ سلیمان اور دیگر پسماندہ علاقوں کی مساجد کو بھی مرحلہ وار سولر پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری دے دی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں جہاں ٹرانسمیشن لائنز موجود نہیں، وہاں پر سولر انرجی کے ذریعے بجلی فراہم کریں گے، آف گرڈ سلوشن کے ذریعے نہ صرف عوام کو فائدہ ہوگا بلکہ حکومت کو اربوں روپے کی بچت ہوگی، ماضی کے برعکس ہماری حکومت سستی بجلی کے دیرپا ذرائع کے حصول کی طرف گامزن ہے، سابق حکومت نے انرجی کے مہنگے منصوبے لگائے جس سے عوام پر بوجھ پڑا۔
 

Advertisement