لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے اومی کرون سے بچاؤ کیلئے ویکسی نیشن مہم مزید تیز کرنے کی ہدایت کر دی۔ عثمان بزدار نے کہا کہ باہر سے آنے والوں کی فول پروف اسکریننگ کی جائے، ویکسین کی دوسری خوراک اور بوسٹر ڈوز یقینی بنائی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کورونا وائرس اومی کرون سے بچاؤ کے حوالے سے کابینہ کمیٹی برائے انسداد کورونا کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں عوام کو اومی کرون سے محفوظ رکھنے کیلئے موثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔
عثمان بزدار نے محکمہ صحت کے حکام کو ہمہ وقت چوکس رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی فول پروف سکریننگ کی جائے، عالمی ادارہ صحت کی ہدایات کے مطابق احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، کورونا کے نئے وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات ضروری ہیں، ویکسی نیشن کی دوسری خوراک اور بوسٹر ڈوز یقینی بنائی جائے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے انسانی حقوق کے تحفظ کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی حقوق کا تحفظ اور آئین کی بالا دستی تحریک انصاف کا نصب العین ہے، انسانی حقوق کا تحفظ کسی بھی ملک کی سماجی، معاشرتی اور اقتصادی ترقی کیلئے ناگزیر ہے، شہریوں کے حقوق کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، آئین پاکستان کے تحت تمام شہریوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، دین اسلام میں انسانی حقوق کی پاسداری پر زور دیا گیا ہے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ نے پوری انسانیت کیلئے انسانی حقوق کا ابدی اور لافا نی پیغام دیا ہے، نئے پاکستان میں سب کو برابر کے حقوق حاصل ہیں، آج انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے اقدامات پر موثر انداز میں عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔