کورونا وبا کب ختم ہوگی؟ بل گیٹس نے پیشگوئی کردی

Published On 09 December,2021 10:13 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل مائیکروسافٹ کمپنی کے بانی بل گیٹس نے کورونا کی وبا کے خاتمے کے حوالے سے نئی پیشگوئی کردی ہے۔

مائیکروسافٹ کے بانی نے اپنے ایک بلاگ میں لکھا کہ میرے اندازے کے مطابق کورونا کی وباء سال 2022 کے دوران کسی بھی وقت ختم ہوجائیگی جبکہ سال 2021 میں اس وباء کے خاتمے کے امکانات موجود تھے لیکن لوگوں کی ویکسینیشن کے عمل میں سستی اور اس کی مختلف اقسام نے اس امید کو توڑ دیا ہے۔

بل گیٹس نے مزید لکھا کہ کوویڈ 19 کی نئی قسم اومی کرون بلاشبہ ایک خطرناک قسم ثابت ہورہی ہے لیکن ویکسینز کی موجودگی اور اینٹی وائرل ادویات کے استعمال میں تیزی اس وائرس کو جلد ختم کرنے میں مدد فراہم کریگی۔

 واضح رہے کہ بل گیٹس کی جانب سے کورونا وباء کے خاتمے کے حوالے سے متعدد بار یہ پیشگوئی کی جاچکی ہے۔

جس میں بتایا گیا تھا کہ اس وبائی صورتحال اور لاک ڈاؤن سے مکمل نجات سال 2022 کے اختتام پر مل جائیگی اور دنیا ایک بار پھر سے سال 2019 کے معمولات زندگی گزارنے لگے گی۔
 

Advertisement