لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب میں حکمران جماعت کو مضبوط بلدیاتی امیدواروں کی تلاش، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے صوبائی سطح پر کمیٹی قائم کر دی۔
کمیٹی کے سربراہ وزیر بلدیات میاں محمود الرشید ہوں گے۔ کمیٹی میں ہر ضلع کا متعلقہ وزیر، ایم پی اے اور ایم این اے شامل ہوگا۔ تنظیمی عہدیدار بھی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ کمیٹی ہر ضلع کا دورہ کر کے تحریک انصاف کے مضبوط امیدواروں کی سفارشات مرتب کرے گی۔
گزشتہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج، جوڑ توڑ اور مضبوط شخصیات کو پارٹی میں لانے کے لئے بھی سفارشات پیش کی جائیں گی۔ کمیٹی ایک ماہ میں اپنی رپورٹ وزیراعلی عثمان بزدار کو پیش کرے گی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار تمام رپورٹ بارے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دیں گے۔
یاد رہے وزیراعظم کی جانب سے بھی بلدیاتی انتخابات کے لئے تحریک انصاف کے مرکزی عہدیداران پر مشتمل کمیٹی قائم کی جاچکی ہے۔ دونون کمیٹیوں کی رپورٹس اور سفارشات کو سامنے رکھ کر بلدیاتی امیدواروں کے لئے فیصلے کیے جائیں گے۔