لاہور: (دنیا نیوز) رواں سال میں بھی سرکاری محکمہ جات کو کرپشن، بدعنوانی سے پاک نہ کیا جاسکا۔ پنجاب حکومت کے ماتحت سرکاری محکمہ جات میں کرپشن کی 3 ہزار 298 شکایات درج ہوئیں، سیکڑوں افسران، ملازمین اور سیاسی شخصیات ملوث پائی گئیں۔
رواں سال 2021 کے دوران گوجرانوالہ میں سرکاری محکمہ جات میں کرپشن کی شکایات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جب شہریوں کی شکایات پر اینٹی کرپشن نے 2 ہزار 26 کیسز کی تحقیقات کیں تو کرپشن، بد عنوانی اور اختیارات سے تجاوز پر 202 مقدمات درج کئے، جن میں گزیٹڈ افسران، ملازمین اور سیاسی شخصیات بھی ملوث پائی گئیں لیکن کرپشن کا تاحال خاتمہ نہ ہوسکا۔
محکمہ اینٹی کرپشن کی تحقیقات کے دوران سرکاری محکموں میں کرپشن کے لحاظ سے محکمہ مال پہلے نمبر پر رہا، لوکل گورنمنٹ دوسرے نمبر جبکہ محکمہ پولیس تیسرے نمبر پر رہا۔ اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ایک سال کے دوران قبضہ مافیا سے 1276 کنال اراضی واگزار کروائی اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والوں سے 2 ارب 6 کروڑ 83 لاکھ سے زائد کی ریکوری بھی کی گئی۔
اینٹی کرپشن نے رواں سال کے دوران 260 کرپٹ افسران، ملازمین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ تو کردیا لیکن شہریوں کا کہنا ہے کہ کرپٹ عملہ کو انتظامی سیٹوں سے ہٹائے بغیر اداروں کی کرپشن میں کمی نہیں لائی جاسکتی۔