سال 2021 شاہینوں کیلئے یادگار بن گیا، محمد رضوان چھا گئے

Published On 17 December,2021 10:44 pm

لاہور:(دنیا نیوز)سال 2021 شاہینوں کے لیے یادگار بن گیا ، بابر اعظم اور محمد رضوان نے کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے جبکہ پاکستان ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی 20 میچز جیتنے والی ٹیم بھی بن گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے لئے 2021 کامیابیوں کا سال رہا، محمد رضوان چھا گئے ،کیلنڈر ایئر میں دو ہزار سے زائد رنز بنانے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ،سٹار کھلاڑی نے48 ٹی 20میچز میں دوہزار چھتیس رنز سکور کئے۔

رضوان نے ایک سال میں سب زیادہ 42چھکے لگا ئے،انہوں نےکیوی اوپنر مارٹن گپٹل کے 41 چھکوں کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ۔

کپتان بابر اعظم اور وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی نے چھوٹے فارمیٹ میں 6 دفعہ سنچری پارنٹر شپ بنانے کا ریکارڈ بنا لیا ۔

پاکستان کی جانب سے ٹی 20 کرکٹ میں سب سے بڑی ایک سو ستانوے رنز کی شراکت داری کا اعزاز بھی اسی جوڑی کے نام رہا۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی پرفارمنس شاندار رہی،بھارت کو آئی سی سی ورلڈکپ میں پہلی بار شکست دے کر شائقین کے دل جیت لیے جبکہ میگا ایونٹ میں ٹاپ سکورر کا اعزاز بھی بابر اعظم کےنام رہا ۔

نمیبیا کے خلاف 18 گیندوں پر 50 رنز بنا کر شعیب ملک پاکستان کی جانب سے تیز ترین ففٹی بنانے والے کھلاڑی بن گئے ،آصف علی کے افغانستان کے خلاف چار مسلسل چھکے بھی پاکستانیوں کے دل جیت گئے۔

قومی ٹیم نے ایک سال میں سب سے زیادہ بیس ٹی 20 میچز جیتنے کا ریکارڈ بھی بنا لیا جبکہ شاہینوں کا اگلا امتحان 24 سال بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی ٹیم کے خلاف ہے۔
 

Advertisement