ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم کے 21 'کلیئر' ارکان کی وطن واپسی

Published On 18 December,2021 09:46 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم آئسولیشن میں موجود ارکان کو چھوڑ کرعلی الصبح براستہ دبئی وطن واپس روانہ ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق منفی نتائج کے حامل مہمان کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے 20 افراد وطن واپسی کیلئے علی الصبح دبئی روانہ ہوئے جبکہ 21 ویں فرد ہیڈ کوچ فلپ سمنز بھی گزشتہ شب گھر واپسی کیلئے پرواز کر گئے۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق مثبت نتائج کے حامل ویسٹ انڈین کرکٹرز اور سپورٹ سٹاف کے ارکان بدستور قرنطینہ میں ہیں جن کو آئسولیشن کی مدت مکمل ہونے کے بعد کرسمس سے قبل گھر واپس بھیجنے کا انتظام کیا جائے گا اور اس سلسلے میں دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز میں مسلسل رابطہ رہے گا۔

ویسٹ انڈین کرکٹ ٹیم ملتوی شدہ تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے جون 2022 میں پاکستان آئے گی تو اسی دوران تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس پر ویسٹ انڈین بورڈ حکام نے آمادگی ظاہر کر دی ہے۔
 

Advertisement