تیسرا ٹی 20:ویسٹ انڈیز کو7وکٹ سے شکست،پاکستان کا سیریز میں کلین سویپ

Published On 16 December,2021 05:29 pm

کراچی:(ویب ڈیسک)کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کی شانداربلے بازی کی بدولت تیسرے ٹی 20انٹرنیشنل میچ میں بھی پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 7وکٹوں سے شکست دیکر سیریز میں کلین سویپ کردیا ہے۔

کراچی کے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کےمابین تیسرے اور آخری ٹی 20میچ میں ویسٹ انڈیز کے کپتان نکولس پوران نے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو فیلڈنگ کی دعوت دی تھی۔

پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی تھیں،فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو آرام دینے کے بعد محمد حسنین اور شاہنواز دھانی کو موقع دیا گیا تھا۔

پاکستان اننگز

پاکستان کی جانب سے208رنز ہدف کے تعاقب میں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا،دونوں بیٹسمینوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا،بابر اعظم 79رنزبناکر آؤٹ ہوئے جبکہ محمد رضوان نے 87رنز کی اننگز کھیلی،فخر زمان 12سکور بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم نے 208رنز کا ہدف صرف 3وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا،آصف علی 21اور افتخار احمد 1سکور بناکر ناقابل شکست رہے،ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیفرڈ،ڈریکس اور سمتھ نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان کے مابین 158رنز کی ریکارڈ اوپننگ شراکت داری قائم ہوئی جبکہ قومی ٹیم نے 3 سال بعد ویسٹ انڈیز کو دوبارہ کلین سویپ شکست دی ہے۔

ویسٹ انڈیز اننگز

پاکستان کے خلاف تیسرے اور آخری ٹی 20میچ میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے اننگز کا آغاز برینڈن کنگ اور شامر بروکس نے کیا جبکہ محمدنواز نے قومی ٹیم کی جانب سے پہلا اوور کرایا۔

 ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف 20اوورز میں 3وکٹوں کے نقصان پر 207رنزبنائے،برینڈن کنگ43اور شامر بروکس49سکور بناکر پویلین لوٹے،وسیم جونیئر اور شاہنواز دھانی نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان نکولس پوران نے سب سے زیادہ 64رنز بنائے جبکہ ڈیرن براوو 34سکور کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

 پاکستان پلیئنگ الیون

قومی ٹیم میں کپتان بابر اعظم،محمد رضوان وکٹ کیپر،فخر زمان،حیدر علی،آصف علی،شاداب خان نائب کپتان،محمد نواز،محمد وسیم جونیئر،محمد حسینن اور شاہنواز دھانی شامل تھے۔

ویسٹ انڈیز پلیئنگ الیون

مہمان ٹیم میں کپتان نکولس پوران،برینڈن کنگ،ڈیرن براوو،شامر بروکس،رومین پاول،اوڈین سمتھ،روماریا شیفرڈ،ڈومینک ڈریکس،ہیڈن والش،گوڈاکیش موتے اوراوشین تھامس شامل تھے۔

بابر اعظم

سیریز میں کلین سویپ فتح حاصل کرنے کے بعد قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ تینوں میچزمیں جیت کا کریڈٹ ٹیم کوجاتا ہے،جیت کے تسلسل کوبرقراررکھیں گے،محمد رضوان فارم میں ہے اس نے اپنے آپ کومنوایا ہے،نوجوانوں کو رضوان سے سیکھنا چاہیے،میرا اوررضوان کا پلان یہی تھا کہ آخرتک کھیلیں گے۔

مین آف دی میچ/سیریز

محمد رضوان کو 3چھکوں اور 10چوکوں کی مدد سے 45گیندوں پر 87رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ اور مجموعی طور پر تین میچوں میں 203سکور بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس موقع پر محمد رضوان نے کہا کہ سیریز میں زبردست پرفارمنس رہی،پلان بنایا تھا کہ پاور پلے میں رنز بنانے ہیں۔

Advertisement