پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ون ڈے سیریز ملتوی کردی گئی

Published On 16 December,2021 07:27 pm

لاہور:(ویب ڈیسک)کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے مابین ون ڈے سیریز کو ملتوی کردیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آئی ہوئی ہے۔ پاکستان آنے کے فوراً بعد ویسٹ انڈین ٹیم کے جو کووڈ ٹیسٹ ہوئے تھے ان میں تین کھلاڑیوں اور میڈیا منیجر کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔ بدھ کے روز ہونے والے دوسرے کووڈ ٹیسٹ میں بھی تین کرکٹرز۔ اسسٹنٹ کوچ اور ٹیم ڈاکٹر کے کووڈ ٹیسٹ مثبت آئے ہیں ۔ویسٹ انڈیز کے پاس اب کھیلنے کے لیے صرف چودہ کھلاڑی دستیاب تھے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ ویسٹ انڈیز کے ون ڈے کپتان شائی ہوپ بھی ان چھ کھلاڑیوں میں شامل ہیں جن کے کووڈ ٹیسٹ مثبت ہوئے ہیں۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہےجس میں تیرہ ٹیمیں شریک ہیں۔ کووڈ کی وجہ سے لیگ کی جو بھی سیریز ملتوی ہوگی اسے ری شیڈول کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ ویسٹ انڈیز کے مشترکہ بیان میں سیریز منسوخی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ کیریبین کیمپ میں پانچ مزید کورونا کیسز سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔ بدھ کو ہونے والے ٹیسٹ کے نتائج سامنے آنے کے بعد دورہ پاکستان پر موجود سائیڈ کے کل پازیٹو کیسز کی تعداد نو ہو گئی تھی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نو دسمبر کو کراچی پہنچی تھی۔

کرکٹ بورڈز کے مشترکہ بیان کے مطابق جمعرات کو کیے گئے کورونا ٹیسٹوں کے نتائج کے بعد ون ڈے سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز کے پاس موجود محدود آپشنز کی وجہ سے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ سیریز کے حصے کے طور پر کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز ملتوی کی جا رہی ہے۔

ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان ون ڈے سیریز اب جون 2022 کی ابتدا میں کھیلی جائے گی۔ اس کے نتیجے میں ورلڈ کپ کوالیفائر میچوں کے لیے ویسٹ انڈیز کو بہتر ٹیم تشکیل دینے کا موقع ملے گا۔

خیال رہے کہ یہ پاکستان کے چوتھی ون ڈے سیریز ہے جو منسوخ ہوئی ہے۔اس سے قبل اس کی ہالینڈ ۔ افغانستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز منسوخ ہو چکی ہیں۔

پاکستان اس وقت آئی سی سی مینز ورلڈ کپ سپر لیگ کی درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر ہے اس نے اب تک نو میچ کھیلے ہیں جن میں چار جیتے ہیں اور پانچ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

2023ء میں بھارت میں ہونے والے عالمی کپ میں میزبان بھارت سمیت آٹھ ٹیمیں براہ راست کھیلیں گی۔بقیہ دو ٹیموں کا انتخاب کوالیفائنگ راؤنڈ کے ذریعے ہوگا اس راؤنڈ میں سپرلیگ کی آخری پانچ اور 5ایسوسی ایٹ ٹیمیں حصہ لیں گی۔

Advertisement