کراچی: (روزنامہ دنیا) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ سنچری شراکتوں کا نیا ریکارڈ بنا دیا۔
بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے میچ میں چھٹی سنچری رنز کی شراکت داری بنی جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ 100 رنز کی شراکت داری کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ بابر اور رضوان نے یہ کارنامہ 27 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اننگز میں انجام دیا۔
اس سے قبل بھارت کے روہت شرما اور کے ایل راہول نے 5 سنچری شراکتیں بنائی تھیں دوسری طرف پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ محمد رضوان ایک سال میں 2 ہزار ٹی ٹونٹی رنز بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔ محمد رضوان 2021 میں 48 ٹی ٹونٹی میچز میں 2 ہزار سے زائد رنز بنا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ محمد رضوان ایک سال میں سب سے زیادہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل چھکے لگانے والے پلیئر بھی بن گئے۔ محمد رضوان نے 2021 میں 42 چھکے لگائے اس سے قبل یہ اعزاز نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کے پاس تھا۔ کیوی بیٹر نے سال 2021 میں ہی 41 چھکے لگائے ہیں۔