سال 2021، پنجاب میں 80 ارب سے زائد مالیت کی کاریں اوردیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں

Published On 29 December,2021 09:51 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور سمیت پنجاب میں سال 2021ء کے دوران 80 ارب سے زائد مالیت کی گاڑیاں اوردیگر وہیکلز رجسٹرڈ کرائی گئیں،،موٹر برانچ کو سال بھر میں 8 ارب سے زائد کی آمدنی ہوئی۔

مہنگائی ایک حقیقت، ہرکوئی اس کی دہائی دیتا نظر آتا ہے مگر دوسری طرف لاہور سمیت پنجاب بھر میں 14 لاکھ 46 ہزار سے زائد موٹر سائیکلیں، کاریں اور دیگر گاڑیاں خریدنے پر 80 ارب سے زائد خرچ کر دیئے گئے۔ ان میں سے 7 لاکھ سے زائد شہر لاہور میں رجسٹرڈ کی گئیں۔ سال 2021 میں پنجاب بھر میں 1 لاکھ 5 ہزار 893 کاریں رجسٹرڈ ہوئیں،53 ہزار سے زائد دیگر گاڑیاں اور 12 لاکھ 86 ہزار موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہوئیں۔

لاہور میں رجسٹرڈ ہونے والی کاروں کی تعداد 65 ہزار سے زائد ہے، 6 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں اور 25 ہزار سے زائد دیگر گاڑیاں شامل ہیں۔ محکمہ ایکسائز کی رجسٹریشن برانچ کو 8 ارب 33 کروڑسے زائد کی آمدنی بھی ہوئی، صرف لاہور سے محکمہ ایکسائز نے 5 ارب روپے سے زائد ریونیو اکٹھا کیا۔

گزشتہ سال لاہور سمیت پنجاب میں 9 لاکھ 98 ہزار 776 کاریں رجسٹرڈ کی گئی تھیں جس کی مد میں 3 ارب 90 کروڑ 70 لاکھ کا ریونیو اکٹھا ہوا۔ اسی طرح سال 2021 میں نہ صرف ریونیو دگنا سے زیادہ جمع ہوا بلکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

صدر لاہور کار ڈیلر ز فیڈریشن شہزادہ سلیم کہتے ہیں کہ سرکاری اعداد و شمار تو یہی بتاتے ہیں کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے مگر حقائق یہ ہیں کہ گاڑیوں کے کاروبار کمی کا رجحان ہے ۔

ڈی جی ایکسائزرضوان اکرام شیروانی کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اگلے 6 ماہ میں بھی گاڑیوں کی ریکارڈرجسٹریشن متوقع ہے۔

شہر میں گاڑیاں جس تیزی سے سڑکوں کی زینت بن رہی ہیں اتنی تیزی سے نئی سڑکیں تیار نہیں ہو ر ہیں جو ٹریفک جام اور سموگ کا ذریعہ بن رہا ہے۔
 

Advertisement