لاہور:(دنیا نیوز)ایک جانب مہنگائی کا شورتو دوسری جانب نئی گاڑیوں پربھی زور،سال 2021میں لاہور سمیت پنجاب میں 80 ارب سے زائد مالیت کی گاڑیاں اوردیگر وہیکلز رجسٹرڈ کرائی گئیں،موٹر برانچ کو سال بھر میں 8 ارب سے زائد کی آمدنی ہوئی۔
مہنگائی ایک حقیقت ہے اور ہرکوئی اس کی دہائی دیتا نظر آتا ہے،مگردوسری طرف لاہور سمیت پنجاب بھر میں 14 لاکھ 46 ہزار سے زائدموٹر سائیکلیں،گاڑیاں اور دیگر وہیکلز خریدنے پر 80 ارب سے زائد خرچ کر دئیے گئے،ان میں سے 7 لاکھ سے زائد شہر لاہور میں رجسٹرڈ کی گئیں۔
سال 2021 میں پنجاب بھر میں 1 لاکھ 5ہزار 893 گاڑیاں رجسٹرڈ ہوئیں،53 ہزار سے زائد دیگر وہیکلز اور 12 لاکھ 86 ہزار موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہوئیں،لاہور میں رجسٹرڈ ہونے والی گاڑیوں کی تعداد 65 ہزار سے زائدہے،6 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں اور 25 ہزار سے زائد دیگر وہیکلز شامل ہیں۔
محکمہ ایکسائزکی رجسٹریشن برانچ کو 8 ارب 33کروڑسے زائد کی آمدنی بھی ہوئی،صرف لاہورسے محکمہ ایکسائز نے 5 ارب روپے ے زائدریونیو اکٹھا کیا،گزشتہ سال لاہور سمیت پنجاب میں 9 لاکھ 98 ہزار 776 گاڑیاں رجسٹرڈکی گئی تھیں،جس کی مد میں 3 ارب 90 کروڑ 70 لاکھ کا ریونیو اکٹھا ہوا،اس طرح سال 2021 میں نہ صرف ریونیو دوگنا سے زیادہ جمع ہوابلکہ گاڑیوں کی رجسٹریشن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
صدر لاہور کار ڈیلرز فیڈریشن شہزادہ سلیم نے کہا کہ سرکاری اعدادو شمار تو یہی بتاتے ہیں کہ گاڑیوں کی رجسٹریشن میں اضافہ ہوا ہے مگر حقائق یہ ہیں کہ گاڑیوں کا کاروبار کمی کا رجحان ہے ۔
ڈی جی ایکسائزرضوان اکرام شیروانی کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے اگلے 6 ماہ میں بھی گاڑیوں کی ریکارڈرجسٹریشن متوقع ہے،شہر میں گاڑیاں جس تیزی سے سڑکوں کی زینت بن رہی ہیں اتنی تیزی سے نئی سڑکیں تیار نہیں ہو ر ہیں جو ٹریفک جام اور سموگ کا ذریعہ بن رہا ہے۔