دبئی:(ویب ڈیسک) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی سال 2021 کے لئے کی گئی بہترین ٹیسٹ کرکٹرز کی نامزدگیوں میں کسی بھی پاکستانی کو شامل نہ کئے جانے پر سوالات اٹھنے شروع ہوگئے ہیں۔
سال 2021اپنے اختتام کی جانب گامزن ہے اور اسی تناظر میں بین الاقوامی کرکٹ کونسل(آئی سی سی )نے ٹیسٹ پلیئرز آف دی ایئر کے لیے 4کھلاڑیوں کو نامزد کیا ہے جس میں بھارتی سپنر روی چندر ایشون بھی شامل ہے۔ایشون کو اس سال 8 میچز میں 52 وکٹیں لینے اور سنچری کے ساتھ 337 رنز بنانے پر نامزد کیا گیا ہے۔
شائقین کرکٹ کی جانب سے آئی سی سی کے جانبدارانہ رویے پر تنقید کی جارہی ہے کہ کسی بھی پاکستانی کو اس فہرست میں شامل کیوں نہیں کیا گیا۔
Know more about the nominations for the ICC Men’s Test Cricketer of the Year 2021 award
— ICC (@ICC) December 28, 2021
اس کے علاوہ انگلینڈ کے کپتان جو روٹ بھی ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر کی فہرست میں شامل ہیں جنہوں نے 15 میچز میں 1708 رنز اسکور کیے، ان کی اننگز میں 6 سنچریاں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی نے 9ٹیسٹ میچ کھیل کر 17اعشاریہ 06کی اوسط سے 47وکٹیں حاصل کررکھی ہیں مگر حیران کن طور پر ان کا نام اس فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ فہرست میں نیوزی لینڈ کے کائل جیمیسن کو بھی نامزد کیا گیا ہے جنہوں نے 5 میچز میں 27 وکٹیں حاصل کیں اور 105 رنز بھی بنائے۔
فہرست میں چوتھا اور آخری کھلاڑی سری لنکا کے بیٹر دیموتھ کرونارتنے ہیں جنہوں نے 7 میچز میں 902 رنز بنائے اور 4 سنچریاں سکور کیں۔
خیال رہے کہ پلیئر آف دی ایئر کا انتخاب ووٹوں کے ذریعے ہوگا جس میں شائقینِ کرکٹ سال کے بہترین کھلاڑی کا انتخاب کریں گے۔